لاہور( این این آئی)شہرہ آفاق ڈرامہ سیریل ’’ پری زاد ‘‘ میں مرکزی کردار نبھانے والے اداکار احمد علی اکبر نے کہا ہے کہ جب میںنے ڈرامے کا اسکرپٹ پڑھا تو میرے آنسو نکل آئے تھے، میں نے پری زاد کی ظاہری شخصیت کو ایک طرف رکھتے ہوئے اس کے اندر کی شخصیت سے
رابطہ کرنے کی کوشش کی اور میں اس میںکامیاب ہو گیا اور میرے نبھائے گئے کردار میں اس کی جھلک واضح ہے ۔ ایک انٹر ویو میں احمد علی اکبر نے کہا کہ سب سے پہلے ڈرامہ بینوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوںنے اس کردار کو قبول کیا اور تبھی جا کر اسے مقبولیت ملی ۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں پری زادار کے کردار کو نبھا کر میرے اندر بھی تبدیلی آئی ہے اورمیرے اندر مزید عاجزی اور انکساری آئے گی ۔ اس سے یہ واضح ہے کہ ڈرامے کے کردار معاشرے کی سوچ پر بھی اثر ڈالتے ہیں ۔ احمد علی اکبر نے کہا کہ ڈرامے کی تمام کاسٹ نے انتہائی محنت اور لگن سے کام کیا ہے جس کی وجہ سے اسے اتنی مقبولیت ملی ۔ انہوں نے کہا کہ میں عموماً زیادہ گھر سے باہر نہیںنکلتالیکن جب بھی نکلنا ہوتا ہے لوگ ’’ پری زاد‘‘ کے کردار کی مناسبت سے مجھے گھیر لیتے ہیں اور بہت محبت اور شفقت کا اظہار کرتے ہیں۔