راولپنڈی (این این آئی)راولپنڈی کے تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد مزید 6 اسکول اور 3 کالج 3 فروری تک سیل کر دئیے گئے۔ترجمان محکمہ صحت راولپنڈی ڈاکٹر وقار کے مطابق 1 نجی اور 8 سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ، اساتذہ اور اسٹاف میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ 3 فروری تک سر بمہر کیے جانے والے
اسکولوں میں گورنمنٹ کمپری ہینسیو گرلز ہائر سیکنڈری اسکول ڈھوک کشمیریاں، گورنمنٹ اسلامیہ ہائی اسکول نمبر ون جھنگی محلہ، گورنمنٹ ہائی اسکول رتہ امرال، گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول نمبر ون باغِ سرداراں، گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری اسکول کری ڈورال گوجر خان اور بیکن ہائوس اسکول سسٹم ٹیپو روڈ شامل ہیں۔ترجمان محکمہ صحت راولپنڈی ڈاکٹر وقار نے بتایا کہ کورونا کیسز کے باعث سیل کیے گئے کالجز میں گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین ڈھوک رتہ، گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین ڈھوک سیداں اور گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین موہن پورہ شامل ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 اعشاریہ 17 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 196 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 15 مریض اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، مزید 1 ہزار 453 مریض شفایاب ہو گئے۔پاکستان بھر میں اب تک 29 ہزار 137 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کْل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 86 ہزار 348 ہو چکی ہے۔