واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر باراک اوباما نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان طے پانے والا جوہری معاہدہ تہران اور بین الاقوامی برادری کے درمیان تعمیری تعلقات کا باعث بھی بنے گا۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایسا جلد ممکن نہیں۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر اوباما نے کہا کہ جوہری معاہدہ طے پا جانے کے بعد دیگر امور پر تہران حکومت کے ساتھ بات چیت کے راستے بھی کھل گئے ہیں۔ یہ بات اہم ہے کہ اپوزیشن جماعت ریبپلکن پارٹی اس ڈیل کے خلاف ہے اور خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ ممکنہ طور پر امریکی ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں اکثریت کی حامل یہ جماعت اس ڈیل کو منظور نہیں ہونے دے گی۔