لاہور (آن لائن)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے تحریک انصاف ملتان کے عہدیدار شوکت علی قریشی اور ن لیگی سینئر رہنما ڈاکٹر متین احمد نے سینئر نائب صدر مسلم لیگ پنجاب مخدوم بابر علی کی سربراہی میں ملاقات کی اور ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت
کا اعلان کیا۔ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ملک میں روز بروز بڑھتی مہنگائی کو جلد کنٹرول کرنا ناگزیر ہے، روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں استحکام لانا اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے خدمت کے سفر کو تیز کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مخلص کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں ہم انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑتے، پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ عوامی فلاح کے منصوبوں کو ترجیح دی، ریسکیو 1122 ایمرجنسی سروس، پٹرولنگ پوسٹیں، مفت ادویات، کسانوں کو ساڑھے بارہ ایکڑ تک اراضی پر زرعی ٹیکس کی معافی، ٹیوب ویل کا آدھا بل ادا کرنا ہمارے کامیاب منصوبے ہیں۔ مخدوم بابر نے چودھری پرویزالٰہی کو ملتان میں تنظیم سازی بارے آگاہ کیا۔ شوکت علی قریشی اور ڈاکٹر متین کا کہنا تھا کہ بطور وزیراعلیٰ آپ کی جنوبی پنجاب کیلئے خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، عوام آج بھی ان منصوبوں سے فائدہ اٹھا رہی ہے، لوگ آج بھی آپ کے سنہرے دور کو یاد کرتے ہیں اور کسان آپ کیلئے دعا گو ہیں۔