اسلام آباد(نیوز ڈیسک)عرب اتحاد کی مدد سے یمن کی سرکاری فوج نے حوثی باغیوں کے قبضے سے اہم اسٹریٹیجک اہمیت کے حامل شہر زنجبار کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق یمن کی سرکاری فوج سعودی اتحاد کی جانب سے فراہم کردہ جدید بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی کررہی ہے۔ جنوبی یمن کے سب سے بڑے شہرعدن کا کنٹرول کھونے کے بعد یہ اہم ترین علاقہ ہے جس کا قبضہ حوثی باغیوں کے ہاتھ سے نکل چکا ہے تاہم اب بھی حوثی باغیوں کا یمن کے بڑے حصے پرقبضہ ہے جس میں دارالحکومت صنعا بھی شامل ہے۔واضح رہے کہ مارچ حوثی باغیوں کی پیش قدمی پر یمن کے صدر منصور ہادی کو سعودی عرب فرار ہونا پڑا تھا۔ جس کے بعد سعودی عرب کی سربراہی میں عرب اتحاد نے حوثی باغیوں کے خلاف فضائی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیا تھا جو تاحال جاری ہے۔