کراچی(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئررہنمااور مشیرزراعت سندھ منظورحسین وسان نے ایک نئی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین ماہ میں بہت کچھ ہونے والا ہے اور حکومت یا عمران خان سے متعلق 3ماہ میں ہی فیصلہ ہوگا۔
سیاسی پیشگوئیوں کے حوالے سے شہرت رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے پیشگوئی کی ہے کہ پہلے بھی کہاتھاکہ اگلے 3مہینے اہم ہیں، آئندہ 3ماہ میں بہت کچھ ہونے والا ہے۔انہوں نے کہاکہ گڑ بڑکچھ زیادہ ہے حالات کچھ زیادہ خراب نظرآرہے ہیں تاہم راستہ نکلے گا، اپوزیشن اور حکومت مل بیٹھیں گی اور مائنس ون کی بات ہوگی، مائنس ون بھی ہوسکتا ہے ماضی میں ایسا ہوا ہے ، تین مہینوں میں فیصلہ کرنا ہے کہ مائنس ون ہوگا یا الیکشن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اسی جماعت سے کوئی نیا وزیر اعظم ہوسکتا ہے ، ماضی میں ایساہواہے ایک ہی مدت میں 2،2 وزیراعظم رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ فروری میں قلندر کی دھمال لگے گی اور ایسی لگے گی کہ کوئی نہیں بچے گا۔منظوروسان نے کہاکہ ہوسکتا ہے ملک میں بلدیاتی انتخابات نہ ہوں، 2022 میں جنرل الیکشن ہوں، انتخابات میں عمران کی پارٹی سے کوئی سیاسی رہنما ٹکٹ لینے کو تیار نہیں ہوگا۔