کراچی(این این آئی)گیند وکٹوں کے بیچ سے نکل گئی، راشد لطیف نے میچ کی دلچسپ ویڈیو شیئر کر دی۔گزشتہ روز آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے دوران کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں آسٹریلین بولر کی گیند وکٹوں کو چھوتے ہوئے وکٹ کیپر
کے پاس گئی تاہم بیلز نہ گریں۔امپائر نے بھی انگلش بیٹر بین اسٹوکس کو آؤٹ قرار دیدیا لیکن انگلش بلے باز نے ریویو لیا اور کرکٹ قوانین کے مطابق وہ ناٹ آؤٹ قرار پائے کیونکہ جب تک بیلز نہ گریں تو بیٹر کو آؤٹ قرار نہیں دیا جا سکتا۔پاکستان کے سابق وکٹ کیپر راشد لطیف نے بھی سوشل میڈیا پر آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان میچ میں پیش آنے والے واقعے کی شیئر کی گئی ویڈیو پر ایک پرانی تاہم دلچسپ ویڈیو شیئر کی جس کے ساتھ ماضی کے عظیم وکٹ کیپر نے ایک کیپشن بھی تحریر کیا ہے۔راشد لطیف نے لکھا کہ گیند اسٹمپس کے درمیان سے گزر گئی لیکن بیلز اپنی جگہ برقرار رہیں، کرکٹ کی دنیا میں یہ انوکھا واقعہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 1997 میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے دوران پیش آیا۔سابق وکٹ کیپر نے بتایا کہ بولر مشتاق احمد تھے جبکہ سامنے پروٹیز بلے باز پیٹ سمکاک تھے اور اسٹیڈیم شیخوپورہ کا تھا۔