اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں طالبات کے ساتھ اجتماعی زیادتی کا انکشاف ۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں رکن قومی اسمبلی
حامد حمید نے دعویٰ کیا کہ یونیورسٹی اس معاملہ کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے، طالبات کے ساتھ اجتماعی زیادتی ہوئی۔ انہوں نے اس معاملے کو آئندہ بھی زیر بحث لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ دبانے نہیں دیں گے، میں یہ معاملہ اگلے اجلاس میں بھی لے کر آئوں گا۔جس پر مہناز اکبر عزیز نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے حالات خراب ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نارووال یونیورسٹی میں 22 نومبر سے احتجاج جاری ہے اور تدریسی عمل بھی رکا ہوا ہے، ابھی تحقیقات نہیں ہوئیں تو اتنے مسئلے ہیں، جب تحقیقات ہوں گی تو کیا ہوگا۔ دوسری جانب نجی ٹی وی کے مطابق رکن قومی اسمبلی حامد حمید نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ وفاقی دارالحکومت کے ایف ٹین مرکز کے ایک نجی ہسپتال میں بچیوں کو داخل کروایا گیا جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے وارڈن کو تفتیش کے لیے لے کر گئے تاہم اس کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے ریکارڈ شاید ضائع کر دیا ، آئندہ اجلاس میں اس حوالے سے تفصیلات طلب کریں گے۔جبکہ دوسری جانب ترجمان اسلامی یونیورسٹی ناصر فرید نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبرسراسر غلط اور بے بنیاد ہے، اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ۔