اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سینے پر دبائو ڈال کر مردہ دل کو دوبارہ زندہ کرنے کے عمل (سی پی آر) کے موجد ڈاکٹر جیمز جوڈ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔ان کی عمر 87 سال تھی۔ انھوں نے جولائی 1959 میں سب سے پہلے ایک 35 سالہ خاتون کو جن کے دل نے گال بلیڈر آپریشن کے دوران کام کرنا بند کردیا تھا، اپنا یہ طریقہ استعمال کر کے زندہ کردیا تھا۔ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن نے 1963 میں کہیں جا کر ان کے دل کو زندہ کرنے کے اس طریقہ کار کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا تھا۔امریکن میڈیکل ایسو سی ایشن جرنل نے ان کے اس بریک تھرو کو پنسلین کی ایجاد کے ہم پلہ قرار دیا تھا تاہم خود ڈاکٹر جوڈز نے کسرنفسی سے کہا تھا کہ یہ محض اتفاق ہی تھا کہ میں صحیح وقت پر صحیح جگہ موجود تھا ایک ایسا کام کرنے کے لیے جس کی اس وقت ضرورت تھی، میڈیسن کی دنیا میں اس قسم کی چیزیں ہوتی رہتی ہیں۔