اسلام آباد(نیوز ڈیسک) افغان طالبان نے اپنی شوریٰ کے اجلاس کی غیر معمولی ویڈیو جاری کردی جس میں تحریک طالبان کے سیکڑوں اراکین نئے سربراہ ملا اختر منصور سے وفاداری کا اظہار کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے یہ ویڈیو ایک ایسے موقعے پرجاری کی گئی ہے جب ملا عمر کی ہلاکت کے بعد نئے امیر کی تعیناتی پر اندرونی اختلافات کی خبریں سامنے آرہی ہیں تاہم ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شوریٰ کے اجلاس میں ملا اختر منصور کو طالبان کا نیا سربراہ تعینات کیا جا رہا ہے لیکن ویڈیو میں ا±ن کا چہرہ چھپایا گیا ہے۔ باخبر حلقوں کا کہنا ہے کہ ملا اخترمنصور کی ویڈیو جاری کرنے کا مقصد یہ بتانا ہے کہ ملا منصور کو طالبان کے بڑے گروہ کی حمایت حاصل ہے۔اس سے قبل طالبان کے ایک دھڑے کی جانب سے ملامنصور کی نامزدگی پر اعتراضات سامنے آنے کے بعد انہوں نے اپنے 30 منٹ کے آڈیو پیغام میں کہا تھا کہ جنگجوو¿ں کو متحد رہنا چاہیے کیونکہ ان کے درمیان تفریق صرف دشمنوں کو ہی خوش کر سکتی ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے ملا عمر کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد طالبان نے ملا اختر منصور کو باضابطہ طور پر تحریک طالبان کا سربراہ مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔