اسلام آباد(نیوز ڈیسک) روس میں ایئر شو کے دوران فضائیہ کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے ایک پائلٹ ہلاک جب کہ دوسرا زخمی ہوگیا۔روس کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق ماسکو کے قریب ریزان میں ایئر شو کے دوران ایم آئی 28 ایس ہیلی کاپٹر فضا میں کرتب دکھا رہا تھا کہ اچانک ہیلی کاپٹر نے گول گول گھومنا شروع کردیا اور زمین پر آنے سے پہلے ہی ا±س میں آگ لگ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں ایک پائلٹ ہلاک جب کہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ روسی وزارت دفاع نے ہیلی کاپٹر کے ہائیڈرولکس نظام میں خرابی کو حادثے کی وجہ قرار دیا ہے تاہم حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور تحقیقاتی رپورٹ آنے تک ایم آئی 28 ایس ہیلی کاپٹروں کی پرواز روک دی گئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران روسی فضائیہ کے 6 طیارے گرکر تباہ جب کہ 5 پائلٹ ہلاک ہوچکے ہیں۔