زیورخ(نیوزڈیسک) سوئٹزرلینڈ میں باڑے کی گائیوں نے اپنے بچھڑوں کو بچانے کے لئے خاتون سیاح کو کھروں تلے روند کر مار ڈالا۔جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق سوئٹزرلینڈ میں ایلپس کے پہاڑی سلسلے میں لاکس کے سیاحتی مقام کے قریب ایک مقامی کسان نے اپنی بہت سی گائیوں کو چرنے کے لیے کھلا چھوڑا ہوا تھا۔ جرمنی سے تعلق رکھنے والی ایک 77 سالہ خاتون سیاح نے اپنے ہوٹل تک جلدی پہنچنے کے لئے ریوڑ کے درمیان سے گزرنے کی کوشش کی تو وہاں موجود گائیں اور بچھڑے بدک گئے، انہوں نے اس بزرگ خاتون کو اپنے کھروں تلے کچل ڈالا۔ متعلقہ حکام کو فوری طور پر واقعے کی اطلاع دی گئی لیکن جب تک امدادی کارکن وہاں پہنچے تو اس وقت تک بہت دیر ہوگئی تھی اور خاتون کا انتقال ہوچکا تھا۔سوئس پولیس کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ یہ گائیں بظاہر خوف زدہ ہو کر اپنے بچھڑوں کو بچانے کی کوشش کررہی تھیں اور اسی دوران انہوں نے اس خاتون کو اپنے کھروں تلے کچل ڈالا۔