لاہور(نیوزڈیسک)لاہور میں خواجہ سراؤں نے سرکاری ملازمتوں اور دیگر مطالبات کی حمایت میں پریس کلب کے باہر انوکھا احتجاجی مظاہرہ کیا ۔سڑک کے عین بیچ رقص کرتے رہے، بین ڈالے،ٹریفک جام کر دی۔ بڑی تعداد میں خواجہ سرا لاہور پریس کلب کے باہر جمع ہوئے اورگرو عاشی بٹ کی قیادت میں مظاہرہ کیا۔ خواجہ سراؤں نے ہاتھوں میں پوسٹر اور بینر اٹھا رکھے تھے۔ سڑک کےعین بیچ مخصوص رقص کیا،کبھی ادھر ادھر لہرا کر،تو کبھی زمین پر لوٹ پوٹ ہوجانے کے اندازمیں۔ خوب دھمال بھی ڈالی۔ خواجہ سرا حکومت کو جی بھر کر کوسنےدیتے اور نعرے بازی کرتے رہے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ حکومت شناختی کارڈ جاری کرنے کا وعدہ پورا کرے۔ خواجہ سراء مارچ کرتے ہوئےپنجاب اسمبلی کےباہرپہنچ گئے اور دھرنا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بے روزگار ہیں، جب ٹریفک سگنلز پر بھیک مانگتے ہیں تو پولیس پکڑ کر لے جاتی ہے۔ خواجہ سراؤں کے احتجاج اور دھرنے سے مال روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گئی۔ شہریوں کو بےحد مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔