لاہور (این این آئی) کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب بھر میں انٹیلی جنس بیسیڈ آپریشنز کے دوران 3 مبینہ دہشت گردوں کوہلاک اور 4 کو گرفتار کرلیا، گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب بھرمیں 22انٹیلی جنس
بیسیڈآپریشنز کئے اور کارروائیوں کے دوران 3 مبینہ دہشت گرد ہلاک اور 4 کو گرفتار کرلیا گیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی نے پاکپتن میں کارروائی کرکے3مبینہ دہشت گردوں کوہلاک کیا، ہلاک دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت منظور احمد کے نام سے ہوئی جبکہ ان کے قبضے سے 2دستی بم اور کلاشنکوف ودیگر اسلحہ برآمد ہوا۔سی ٹی ڈی نے بتایا کہ چنیوٹ سے کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار کیا گیا ہے ، دہشت گرد کی شناخت عبدالرحیم مکی کے نام سے ہوئی ، دہشت گرد سے 1100گرام بارودی مواد اور بم بنانے کا سامان برآمد ہوا۔آپریشن میں سی ٹی ڈی نے ساہیوال میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد غفار کو گرفتار کرکے دستی بم اور بم بنانے کادیگر سامان برآمد کرلیا۔ترجمان کے مطابق راولپنڈی سے کالعدم تنظیم کے رحیم اکبر کو گرفتار کیاگیا، دہشتگرد فرقہ وارانہ فسادکی کوشش کررہاتھا، اس کے قبضے سے اشتعال انگیر پمفلٹس برآمد ہوئے۔سی ٹی ڈی نے ملتان سے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے حسن رضا کو گرفتار کیا ، گرفتار دہشتگرد فرقہ وارانہ فسادات پھیلانے کی کوشش کررہاتھا۔حکام نے بتایا سی ٹی ڈی نے گرفتار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔