نئی دہلی/اسلام آباد(نیوزڈیسک) سمجھوتہ ایکسپریس سے سفر کرنے والی پاکستانی خاتون کو بھارتی پولیس نے دستاویزات نہ ہونے کے الزام میں حراست میں لے لیا جبکہ پاکستانی ہائی کمیشن نے بھارتی وزارت خارجہ سے چندا بی بی کے معاملے پر رابطہ کرکے معلومات مانگ لیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جالندھرریلوے اسٹیشن پرریلوے پولیس نے پاکستان کے شہر کراچی سے آنے والی 35 سالہ خاتون کو حراست میں لے لیا . پولیس کے مطابق مسافرخاتون کے پاس پاسپورٹ،ریلوے ٹکٹ اورویزا نہیں تھا جس کی بنا پر انہیں حراست میں لے لیا گیا۔کراچی کی 35 سالہ چندا نے بتایاکہ وہ اپنے ماموں کے ساتھ درگاہ پرحاضری دینے کے لئے بھارت گئی تھی . پچھلے اسٹیشن پران کے ماموں ٹرین سے اترے اورواپس نہیں آئے اورانہیں کے پاس تمام دستاویزات ہیں۔ جی آرپی پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کے مطابق خاتون کے بیگ سے دوران تلاشی 700 روپے پاکستانی کرنسی اور کچھ دوائیں ملی ہیں . خاتون ذہنی طورپرپریشان دکھائی دیتی ہے تاہم خاتون سے تفتیش کے لئے اٹاری بھیج دیا گیا ہے جہاں مزید تفتیش کی جارہی ہے۔وزارت خارجہ ذرائع کے مطابق دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بھارتی وزارت خارجہ سے چندا بی بی کے معاملے پر رابطہ کرکے معلومات مانگ لی ہیں۔ پاکستانی ہائی کمیشن نے کہا کہ اپنے عزیزوں سے بچھڑ جانے والی چندا بی بی کو جلد از جلد رہا کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق چندا بی بی کا پاسپورٹ اور سفری دستاویزات اس کے ماموں کے پاس ہیں، جن سے وہ جالندھر میں درگاہ پر بچھڑ گئی تھی ذرائع کے مطابق 19 جولائی کو واہگہ بارڈر کے راستے 15روزہ ویزے پر بھارت جانے والی چندا بی بی کے ویزے کی معیاد ختم ہونے میں اب بھی 3 روز باقی ہیں بھارتی میڈیا کے مطابق چندا بی بی کے پاس سات سو روپے پاکستانی اور دوائیں برآمد ہوئی ہیں۔ادھر پاکستان رینجرز نے چندا بی بی کے معاملے پر بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز سے رابطہ کیا ہے۔پاکستان رینجرز کا کہنا ہے کہ چندا بی بی کے کاغذات جلد ارسال کردینگے۔