اسلام آباد،کراچی (این این آئی) سابق وزیراعظم شاہد خاقا ن عباسی نے کہا ہے کہ نیب آر ڈیننس سے مجھے اور احسن اقبال سمیت کئی کو فائدہ ہے ، ہم پاکستان کے مفاد کودیکھیں گے ۔ پریس کانفرنس کے دور ان ایک سوال پر شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ اس آرڈیننس سے مجھے بھی فائدہ
ہے، احسن اقبال کو بھی ہے کئی دیگر کو ہے مگر ہم پاکستان کا مفاد دیکھیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ اس آرڈیننس سے ملک کا نقصان ہے، میں جاوید اقبال کی طرح نہیں کہ اپنے فائدے کو دیکھ کر خاموش ہو جاؤں ،ہم اس آرڈیننس کے خلاف ہر قانونی و آئینی اقدام اٹھائیں گے، ایوان میں قرارداد سمیت دیگر تمام آپشنز پر غور کریں گے۔دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ چیئرمین نیب کی مدتِ ملازمت میں توسیع نہ صرف غیرقانونی ہے بلکہ یہ بدنیتی بھی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپراپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پینڈورا پیپرز کے بعد خاص طور پر حکومت خود کو احتساب سے بچانا چاہتی ہے، سلیکٹڈ حکومت وزیراعظم اور ان کے خاندان و رفقا کو احتساب سے استثنیٰ دیتے ہوئے اپوزیشن کو نشانہ بنانے کا عمل جاری رکھنا چاہتی ہے، چیئرمین نیب کی مدتِ ملازمت میں توسیع نہ صرف غیرقانونی ہے بلکہ یہ بدنیتی بھی ہے۔