مقبوضہ بیت المقدس (این این آئی)مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے دو فلسطینی بہن بھائی محمد الکرد منیٰ الکرد امریکی ‘ٹائم میگزین’ میں دنیا کی 100 موثر شخصیات میں شامل کرلئے گئے۔محمد الکرد نے امریکی میگزین میں دنیا کے موثر شخصیات میں شامل کیے
جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری یہ کامیابی دراصل عالمی سطح پر قضیہ فلسطین کی اہمیت کی عکاسی کرتی ہے۔ٹویٹر پر پوسٹ ایک بیان میں محمد الکرد نے کہا کہ ہمیں امریکی جریدے میں عالمی شخصیات کی فہرست میں شامل کرنے سے قضیہ فلسطین کی علامتی فتح ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جو کچھ مانگ رہے ہیں وہ میڈیا کے نظام میں ایک بنیادی اور ٹھوس تبدیلی ہے جس میں صہیونیت کے تئیں تعصب کو ختم کرنا شامل ہے اور اسے آزادی کی تحریکوں اور فلسطینی مزاحمت کے بارے میں اپنی تمام شکلوں میں بات کرنے میں زیادہ بہادری پر زور دینا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطین اور فلسطینی عوام جس نئے دور کا مشاہدہ کر رہے ہیں وہ ہزاروں فلسطینیوں کی مجموعی تنظیم اور جدوجہد کی پیداوار ہے۔ فلسطینی نوآبادیاتی نظام کے خلاف سات دہائیوں سے جدو جہد کررہے ہیں مگر عالمی سطح پران کی جدو جہد کی حمایت کے بجائے انہیں دبانے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔