اسلام آباد(نیوز ڈیسک) قومی اسمبلی نے شناختی کارڈ اجراءکی عمر 18 کی بجائے 16 سال کرنے سمیت چار نجی بل مسترد کر دیئے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں جمشید احمد دستی نے تحریک پیش کی کہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (ترمیمی) بل 2015ء پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔ بل کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ کی عمر 18 کی بجائے 16 سال ہونی چاہیے، اس سے 16 سال کی عمر میں میٹرک پاس کر کے نوکری حاصل کرنے میں آسانی رہے گی۔ وزیر مملکت برائے داخلہ انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا کہ نادرا نابالغ بچوں کو بھی کارڈ جاری کرتا ہے، دنیا کے بیشتر علاقوں میں 18 سال کی عمر مقرر ہے کسی بھی ملازمت کے لئے عمر کا تعین 25 سال تک بھی کیا جاتا ہے، صرف شناختی کارڈ بنانے سے یہ مسئلہ حل نہیں ہو گا، اگر عمر کی حد کم کی گئی تو باقی قوانین کو بھی تبدیل کرنا ہو گا۔