اسلام آباد(نیوز ڈیسک) امریکااورترکی نے شام میں داعش کےخلاف مشترکہ کارروائیوں پراتفاق کرلیا ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ’داعش‘ پر حملے کے مشترکہ منصوبے سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں ترکی کی شرکت میں نمایاں اضافہ ہو گا۔ حملے کا مقصد داعش سے پاک ’بفر زون‘ کا قیام ہے تاکہ شام سے ملحقہ ترکی کا علاقہ زیادہ محفوظ بنایا جا سکے۔ اس کارروائی میں ترکی کا خطے کو نو فلائی زون میں شامل کرنے کا دیرینہ مطالبہ شامل نہیں۔ اس منصوبے کے تحت دریائے فرات کے مغرب میں 109 کلومیٹر کے علاقے سے شدت پسندوں کا صفایا کر دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ یہ منصوبہ شام میں داعش کے خلاف امریکا کی زیرِ قیادت فضائی کارروائیوں کے امکانات کو بھی بڑھائے گا۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں تصدیق کی ہے کہ شام میں داعش کو شکست دینے اور ایک ایسا علاقہ بنانے کی کوشش کی جاہری ہے جہاں داعش کے اثرات نہ ہوں۔