کراچی (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ہفتہ کو راجہ ہاؤس میں پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحبپ پگارا پیر سید صبغت اللہ شاہ اور پیر سید صدر الدین شاہ راشدی سے ملاقات کی۔
شہباز شریف نے پیرپگارا اور پیر سید صدر الدین شاہ راشدی سے ان کی والدہ محترمہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔شہباز شریف نے پیرپگارا سے ان کی اہلیہ کی وفات پر بھی تعزیت کی۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن)کے دیگر رہنماؤں کے علاوہ پیر پگارا کے صاحبزادے سید راشد شاہ بھی موجود تھے۔اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ والدہ کی وفات ایک بڑا صدمہ ہے۔اس غم سے گزرا چکا ہوں۔ آپ کے احساسات سمجھ سکتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ سامراج کے خلاف اور قیام پاکستان میں پگاڑا خاندان، ان کے اسلاف اور حروں نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔ شہباز شریف نے کہاکہ ہم پگارا خاندان اور حروں کی پاکستان کے لیے خدمات اور عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔بعد ازاں شہباز شریف نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ کو پیر صاحب پگارا کی قیادت میں متحد کریں گے۔پیر صاحب پگارا خاندان اور نواز شریف کے درمیان پرانے اور اچھے تعلقات ہیں۔انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ پیر صاحب پگارا کو لاہور آنے کی بھی دعوت دی ابھی تو تعزیت اور کھانے پر آئے تھے۔