مظفر آباد (این این آئی)کشمیر پریمیر لیگ نے پاکستان کی تاریخ کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے۔سی ای او کے پی ایل چوہدری شہزاد اختر نے بتایاکہ کنٹرول لائن کے اس پار سے آوازیں آ رہی ہیں کے پی ایل کی لائٹس ہمیں تنگ کر رہی ہیں۔مظفر آبادسٹیڈیم کی خوبصورتی دیکھ کر لوگ حیران ہیں۔ سی ای او کشمیر پریمیئر لیگ نے مزید کہا کہ ہم نے کشمیر نوجوانوں کے لیے ایک بہترین موقع فراہم کر دیا ہے۔
کشمیر پریمیئر لیگ میں لوگوں کا ولولہ دیدنی ہے۔ پوری دنیا سے لوگ کشمیر پریمیئر لیگ کے لیے مثبت پیغامات بھیج رہے ہیں۔ چوہدری شہزاد اختر کا کہنا تھا کہ کے پی ایل میں سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں جب یہ لیگ آخری مراحل میں ہو گی تو یہ دنیا کی کامیاب ترین لیگ بن چکی ہو گی۔ انھوں نے بتایا کہ ہم اس لگ کے بعد کشمیری بچوں کے لیے اکیڈمی کا قیام بھی عمل میں لائیں گے اور جن بچوں کو موقع نہیں ملا اگلی لیگ میں وہ بھرپور تیاری کے ساتھ شامل ہو سکیں گے۔انھوں نے بتایا کہ کے پی ایل کا مقصد نوجوانوں کھیل کے مواقعے فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ دلوں کو جوڑنا بھی ہے۔ دوسری جانب کپتان شان مسعود کی فتح گر اننگز، باغ اسٹالیئنزنے کامیابی حاصل کرلی ،آل رائونڈ کارکردگی نے عامر یامین کو مین آف دی میچ ایوارڈ دلوادیا۔تفصیلات کے مطابق باغ اسٹالیئنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو ذیشان ملک (صفر) بیٹنگ وکٹ کا فائدہ نہ اْٹھا سکے لیکن کپتان شان مسعود نے بہترین اسٹروک پلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 45 بالز پر 78رنز کی اننگز کھیل ڈالی جس میں 15چوکے شامل تھے۔ روحیل نذیر نے اپنے کپتان کی سنگت میں تین چھکے لگاتے ہوئے 28 بالز پر 36رنز جوڑے۔ افتخار احمد (3) کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا لیکن اسد شفیق نے اپنی فارم کا فائدہ اْٹھاتے ہوئے صرف 23 گیندوں پر 54رنز کی دلکش اننگز کھیلی
جس میں چار بلند و بالا چھکے بھی شامل تھے، آخری اوورز میں عامر یامین نے بھی لاٹھی چارج کیا اور تین چھکوں سمیت 15بالز پر 30*رنز بنائے تو پہاڑوں کے درمیان گھِرے ہوئے اسٹیڈیم میں باغ اسٹالیئنرز کو 211 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔ میرپور رائلز کیلئے سلمان ارشاد نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ میرپور رائلز کو ہدف کے تعاقب
میں مختار احمد (صفر) کا نقصان برداشت کرنا پڑا مگر اس کے بعد شرجیل خان اور محمد اخلاق کی جوڑی نے بولرز کو دْھنک کر رکھ دیا۔ دونوں کے درمیان 111رنز کی شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب عمید آصف نے شرجیل خان کو آئوٹ کردیا۔ کھبے اوپنر نے 34بالز پر 4 چھکے لگاتے ہوئے 57رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
خوشدل شاہ بھی صرف 12رنز ہی بنا سکے تاہم محمد اخلاق نے دھواں دھار انداز میں کھیلتے ہوئے چھ فلک شگاف چھکوں کے ساتھ 39 گیندوں پر 68رنز بناتے ہوئے جیت کی امیدوں کو روشن رکھا۔ آخری پانچ اوورز میں 57 رنز کا ہدف کپتان شعیب ملک کی موجودگی میں مشکل نہ تھا مگر اسد شفیق نے ایک غیر معمولی کیچ پکڑ کر
شعیب ملک (11) کو میدان چھوڑنے پر مجبور کیا تو میرپور کی ٹیم راہ سے ہٹ گئی۔ سلمان ارشاد (19) اور شاداب مجید (11) نے اپنی سی کوشش کی لیکن میرپور رائلز 196رنز تک ہی پہنچ سکے جس نے باغ اسٹالیئنز کو 15رنز سے فتح دلوادی۔محمد عمران، عمید آصف اور عامر سہیل نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا مگر مین آف دی میچ کا ایوارڈ عامر یامین کے حصے میں آیا جنہوں نے چار اوورز میں صرف 19رنز کے بدلے ایک وکٹ لینے کے ساتھ ساتھ 30رنز کی جارحانہ اننگز بھی کھیلی۔



















































