ریاض (نیوزڈیسک )خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالطیف بن راشد الزیانی نے عراق کے نائب صدر اور سابق وزیر اعظم نوری المالکی کے سعودی عرب کے بارے میں ایک متنازع بیان کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ المالکی نے سعودی عرب کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کے ذریعے عراق کے عرب ممالک کے ساتھ تعلقات بگاڑنے کی سازش کی ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ڈاکٹر عبدالطیف الزیانی نےاپنے ایک بیان میں نوری المالکی کے اس بیان کو اشتعال انگیز قرار دیا جس میں انہوں نے یمن اور عراق کے بارے میں سعودی عرب کی پالیسی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ڈاکٹر الزیانی نے کہا کہ عراق کے نائب صدر نوری المالکی کا بیان عراق کے عرب ممالک کے ساتھ تعلقات بگاڑنے اور غیر عرب قوتوں کے مفادات کا تحفظ کرنے کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ عراق کو عرب ممالک سے جدا کر کے مخصوص طاقتوں کا آلہ کار بنانا چاہتے ہیں۔ عراقی ایوان صدر اور حکومت کو ان کے اس بیان کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے۔خلیج تعاون کونسل کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اس وقت خطے اور پوری دنیا میں جاری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر کھڑا ہے۔ شام، عراق سمیت کئی دوسرے ملکوں میں دولت اسلامی “داعش” جیسے دہشت گردوں کے خلاف جنگ صرف سعودی عرب کے مفاد میں نہیں بلکہ یہ دوسرے عرب ممالک کے بھی مفاد میں ہے۔ ایسے میں سعودی عرب کی مساعی کو مشکوک قرار دینے کی سازش کرنا عرب خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والے تخریب کار عناصر کی معاونت کے مترادف ہے