ریاض(این این آئی) سعودی عرب نے عیدالاضحی کی مناسبت سے سرکاری چھٹیوں کا اعلان کردیا۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر کے ملازمین کے لیے عید الاضحی کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سرکاری ورکرز کو عید کی 11 چھٹیاں ملیں گی جبکہ
نجی شعبے کے ملازمین 4 تعطیلات سے مستفید ہوسکیں گے۔ وزارت کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کی عید تعطیلات کا آغاز بدھ 14جولائی 4 ذی الحجہ 1442ھ ڈیوٹی مکمل کرکے ہوگا جبکہ تعطیلات کا آخری دن اتوار 25 جولائی 15 ذی الحجہ 1442ھ ہوگا۔سرکاری ادارے پیر 26 جولائی 16 ذی الحجہ 1442ھ کو دوبارہ کھلیں گے۔اسی طرح عید الاضحی پر پرائیویٹ سیکٹر اور بغیر منافع والے اداروں میں عید الاضحی کی تعطیلات 18 جولائی 8 ذی الحجہ 1442ھ کو اتوار کی ڈیوٹی کے بعد شروع ہوگی۔مذکورہ بالا سیکٹر کے ملازمین کی چھٹیاں 4 دن کی مقرر کی گئی ہیں۔