کراچی ( نیوزڈیسک)انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن قمر منصور کو 90 دن کے لئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا۔رینجرز نے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن قمر منصور کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا۔ قمر منصور نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ مجھے 16 سال سے ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف ہے۔ فوری طور پر ہسپتال میں علاج کی ضرورت ہے۔ عدالت نے سوال کیا کہ آپ کو ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف کیوں ہوئی جس پر قمر منصور نے کہا کہ میں نے 16 سال قبل سوٹ کیس اٹھایا تھا جس کی وجہ سے ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف ہوئی۔ عدالت نے قمر منصور کے وکلا کو ڈانٹ دیا۔ عدالت نے رینجرز کو ہدایت کی کہ قمر منصور کا طبی معائنہ کرانے کے بعد عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ آپ اتنے معصوم ہیں کہ ایف آئی آر کٹی ہوئی ہے اور آپ کو پتہ ہی نہیں چلا۔ عدالت نے سوال کیا کہ اگر ایف آئی آر کٹی ہوئی ہے تو عدالتمیں خود کو سرنڈر کیوں نہیں کیا۔ قمر منصور کے وکلا نے عدالت سے استدعا کی کہ قمر منصور کے خلاف ایف آئی آر کٹی ہوئی ہے ، اس لئے 90 روز کے لئے رینجرز کو نہ دیا جائے۔ عدالت نے طرفین کے وکلا کو سننے کے بعد قمر منصور کو 90 دن کے لئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا۔ قمر منصور کو جمعہ کو نائن زیرو سے گرفتار کیا گیا تھا۔ رینجرز نے عید کی تعطیلات کے دوران جوڈیشیل مجسٹریٹ سینٹرل کی عدالت میں پیش کر کے راہداری ریمانڈ لیا تھا۔