گھوٹکی(این این آئی) وفاقی انسپکٹر ریلوے نے منڈودیرو حادثے کا ذمہ دار ڈی ایس ریلوے کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی ایس ریلوے ڈرائیورز کو تیز رفتاری پرمجبورکرتاہے، دماغی طورپربھی فٹ نہیں، آپریشنل ڈیوٹی نہیں دی جانی چاہیے۔ وفاقی انسپکٹر فار ریلوے فرخ تیمور نے ریلوے حادثے سے متعلق رپورٹ جاری کردی، جس میں
کہاہے کہ کچھ ماہ قبل منڈودیرومیں کراچی ایکسپریس حادثے کا ذمہ دارڈی ایس ریلوے کو قرار دیا گیا تھا، فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر نے ریلوے کی وزارت کو ڈی ایس سے متعلق خبردار کیا تھا۔وفاقی انسپکٹرریلوے کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس ڈی ایس کی موجودگی میں مزید حادثات ہوسکتے ہیں جبکہ رپورٹ میں ڈی ایس ریلوے کو دماغی طور پر ان فٹ قرار دیا گیا تھا۔رپورٹ میں کہا گیاہے کہ ڈی ایس ریلوے انجن ڈرائیورز کو تیز رفتاری پرمجبور کرتا ہے، سکھر سے ملتان تک ریلوے ٹریک تیز رفتاری کے قابل نہیں،ڈی ایس سکھر کو کسی بھی قسم کی آپریشنل ڈیوٹی نہیں دی جانی چاہیے اور ڈی ایس سکھر کے کسی اسپتال سے دماغی بیماری کے فوری علاج کی ضرورت ہے۔وفاقی انسپکٹرریلوے نے کہاکہ 19گریڈ کے جونئیر افسر کو ڈی ایس لگانا خلاف قانون ہے جبکہ سینئر جی ایم نثار میمن نے بھی وزیرریلوے کوکئی بار ڈی ایس سکھر کے تبادلے کیلئے لکھا تھا۔ وزیرریلوے اعظم خان سواتی نے جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں تیزی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی اور سزا دینے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ وزیرریلوے اعظم خان سواتی ٹرین حادثے کے جائے وقوعہ پر پہنچے اور واقعے پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہاکہ اللہ مرحومین کے درجات بلند،لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔اس
موقع پر وزیر ریلوے کو ڈی ایس سکھر نے حادثے کے حوالے سے بریفنگ دی، اعظم خان سواتی نے ٹرین حادثے کا جائزہ لیا اور امدادی کارروائیاں تیزی کرنے کی ہدایت کی۔وزیرریلوے اعظم سواتی نے امدادی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ضروری مشینری،آلات سے پھنسے مسافروں کے ریسکیو کا عمل پایہ تکمیل
میں ہے، ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی،سزادینے کے احکامات جاری کئے ہیں۔بعد ازاں اعظم سواتی زخمیوں کی عیادت کے لئے اوباڑواسپتال پہنچے، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے اداروں،مقامی افراد کا مشکور ہوں، واقعے کی تمام تحقیقات کی میں خود نگرانی کروں گا اور متاثر ہونے والے
مسافروں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔وفاقی وزیرنے کہاکہ جب تک مسافروں کوسہولت میسر نہیں ہوتی میں یہاں موجودہوں، ساری چیزوں کودیکھ رہاہوں،صبح تک تسلی کی پوزیشن تھی، وزیراعظم نے کہا ہے کہ چیزوں کو ٹھیک کرو، یہاں بیان دینے نہیں آیا۔انھوں نے کہاکہ ریلوے کے اندراورباہرایک بہت بڑامافیاہے جسے ختم کرنا ہے،
مافیا ریلوے کونچوڑ کرکھایا گیا ہے، رحیم یار خان جا رہاہوں مریضوں کی دیکھ بھال کریں گے ایک قیمتی جان بوگی میں پھنسی ہے، ڈبے کوکاٹ رہے ہیں۔اعظم سواتی نے کہاکہ ریلوے کے ملوث اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی اور حادثے کے زخمی مسافروں کامکمل علاج کرایاجائے گا، حادثے میں جاں بحق افرادکی لاشوں کو آبائی گاؤں پہنچاناہماری ذمہ داری ہے، حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر شریک ہیں۔