لاہور،فیصل آباد(مانیٹرنگ +آن لائن)ملک بھر میں محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کی گہر کی پیش گوئی کر دی ہے، ملک بھر میں گرمی تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے، لاہور میں درجہ حرارت 43 ڈگری پر پہنچ گیا اور ہوا میں نمی کا تناسب 15 فیصد رہا، سندھ اور بلوچستان کے علاقوں میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ دوسری
جانب شادی ہال مالکان کا کہنا ہے کہ اتنی تیزدھوپ اور گرمی میں آؤٹ ڈور شادیوں کے ایونٹس نہیں کرسکتے،50گنجائش کیساتھ ان ڈور شادیوں کی تقریبات کی اجازت دی جائے، میرج ہالز مالکان کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے یکم جون سے آؤٹ شادیوں کی اجازت دی گی ہے مگر اتنی گرمی اور دھوپ میں آؤٹ ڈور شادیوں کرانا نہایت مشکل کام ہے۔انہوں نے کہا کہ متوسط طبقہ آؤٹ ڈور کیٹرنگاے سی،جنریٹر،لائٹنگ سمیت دیگر اخراجات افورڈ نہیں کرسکتا اسلئے 50 فیصد گنجائش کیساتھ ان ڈور شادیوں کے ایونٹس منعقد کرنے کی اجازت دی جائے،شادی ہال مالکان نے اس معاملے پر دیگر تاجر تنظیموں اور چیمبر آف کامرس سے بھی مدد مانگ لی تاکہ اس معاملے پر جلد پنجاب حکومت سے بات کی جاسکے،واضح رہے کہ میرج ہالز میں یکم جون سے آوٹ ڈور ایونٹس کی اجازت ملتے ہی تیاریاں شروع کردی گئیں، پنجاب حکومت کی جانب سے شادی ہال مالکان کو یکم جون سے 150 افراد کیساتھ آوٹ ڈور ایونٹ کرنے کی اجازت دی گئی ہے،جس پر شادی ہال مالکان نے تقریبات کے انعقاد کے لئے تیاریاں شروع کردی ہیں، شادی ہال کے ملازمین اوپن ایریاز میں ٹینٹ، قناعتیں لگانے اور کرسیوں اور کیٹرنگ سامان کی صفائی ستھرائی میں مصروف ہیں۔شادی ہال مالکان نے پنجاب حکومت سے پچاس فیصد گنجائش کے ساتھ ان ڈور ایونٹس کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ 300 سے 400افراد کی گنجائش والے ہال میں سماجی فاصلوں کی پابندی کے ساتھ تقریبات منعقد کی جا سکتی ہے۔