لندن(نیوزڈیسک) شراب کے نشے میں دھت ہو کر غل غپاڑہ اور توڑ پھوڑ کرتے ہوئے آپ نے اکثر انسانوں کو تو دیکھا ہو گا لیکن آپ یہ سن کر حیران رہ جائیں گے کہ برطانیہ میں شراب پینے کی شوقین ایک گلہری نے اپنے شوق کو پورا کرنے کے لیے شراب خانے میں گھس کر شراب تو پی ہی لیکن ساتھ ہی ایسی مست ہوئی کہ خوب تباہی مچائی۔برطانیہ کی کانٹی ورسٹر شائر میں موجود ہنی بورن ریلوے پب کا مالک جب صبح اپنے ہوٹل پہنچا تو یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ اندر شراب کی بوتلیں ٹوٹیں ہوئیں ہیں اور کیش بکھرا ہوا تھا وہ سمجھا کہ کسی چور نے یہ کارروائی کی ہے لیکن جب وہ ذرا اور اندر جاکر جائزہ لینے لگے تو انہیں چور بھی مل گیا اور وہ تھی ایک گلہری، جو ایک ڈبے میں پھنسی خود کو نکالنے کی کوشش کر رہی تھی۔ کلب کے سیکریٹری سام بالٹر کا کہنا تھا کہ گلہری کی توڑ پھوڑ سے 300 یورو کا نقصان ہوا ہے۔بالٹر کا کہنا تھا کہ کئی بوتلیں اور کیش زمین پر بکھرا پڑا تھا جس سے صاف لگ رہا تھا کہ گلہری پورے بار میں گھومتی رہی ہے اور اس نے ایسا نشے کی حالت میں ہی کیا ہے کیوں کہ اس کے قریب پڑی ایک بوتل کافی خالی ہوچکی تھی تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ بالٹر نے گلہری کو ڈبے سے نکال کر کھڑکی کے راستے آزاد تو کردیا لیکن اس کے بعد بار کے باہرلکھ کر لگا دیا کہ زندگی بھر کے لے اس بار میں گلہریوں کا داخلہ بند ہے۔