سکھر (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی) پولیس کا اندرون سندھ کچے میں گرینڈ آپریشن کا فیصلہ، پولیس نے سندھ حکومت سے بکتر بند اور جدید اسلحہ مانگ لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اندرون سندھ کچے میں گرینڈ آپریشن کے لیے پولیس نے جدید ہیکلز کا مطالبہ بھی کیا ہے ،
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کے لیے خود کار ہتھیار بھی محکمے کو درکار ہیں۔قبل ازیں شکارپور کے کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن چوتھے روز بھی جاری ہے جبکہ آپریشن کے نتیجے میں 8 ڈاکو ہلاک، 12 زخمی ہوچکے ہیں۔ایس ایس پی امیر سعود مگسی کے مطابق آپریشن گڑھی تیغو اور قریبی علاقوں میں کیا جارہا ہے، آپریشن میں شکارپور، کشمور، لاڑکانہ اور جیکب آباد سے پولیس نفری حصہ لے رہی ہے۔ایس ایس پی امیر سعود مگسی کے مطابق اب تک ڈاکوں کے 130 سے زائد ٹھکانوں کو مسمار کر کے آگ لگا دی گئی ہے۔ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ 3 روزقبل 12 مغویوں کی بازیابی کے لیے آپریشن شروع کیا گیا تھا جن میں سے اب تک 8 مغویوں کو بازیاب کرالیا گیا ہے، 4 مغوی اب تک یرغمال ہیں۔ایس ایس پی امیر سعود مگسی کا بتانا ہے کہ آپریشن کے دوران 2 پولیس اہلکار اور ایک فوٹوگرافر شہید جبکہ 6 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔