لاہور (این این آئی)اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے والے قومی کرکٹر عمر اکمل نے 42 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانے کی ادائیگی کر دی ہے ، وہ اب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ری ہیب کے پروگرام کے اہل ہوگئے ہیں۔خیال رہے کہ کرکٹر عمر اکمل پر کھیلوں کی
ثالثی عدالت نے 42 لاکھ 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا، ری ہیب پروگرام کے لیے جرمانے کی قسطوں میں ادائیگی کی عمر اکمل نے پی سی بی سے درخواست کی تھی جسے مسترد کر دیا گیا تھا۔ ذرائع پی سی بی کے مطابق عمر اکمل نے جرمانے کی ادائیگی کر دی ہے، وہ اب پی سی بی کے ری ہیب پروگرام کے اہل ہیں تاہم یہ فوری طور ممکن نہیں ہے کیوں کہ اس وقت پی سی بی کا سیکیورٹی اینڈ اینٹی کرپشن یونٹ پی ایس ایل میں مصروف ہے ، ڈومیسٹک کرکٹ سیزن جہاں عمر اکمل کو لیکچرز دینے ہیں وہ بھی آف ہے۔ عمر اکمل کو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر 3 سال کی پابندی کی سزاسنائی گئی تھی جسے آزاد ایڈ جیوڈیکٹر نے کم کرکے 18 ماہ کر دی تھی۔ عمر اکمل نے سزا کے خلاف ثالثی عدالت میں اپیل کی تھی، انہیں 6 ماہ کا ریلیف تو ملا لیکن ساتھ جرمانہ بھی عائد کر دیا گیا تھا۔