اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی)ریکوڈیک کیس پر پیشرفت کے معاملہ پر سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم اور محب وطن پاکستانیوں کی دعائوں سے انصاف کی فتح ہوئی ۔انہوں نے کہاکہ پی آئی اے کی قانونی ٹیم، وفاقی وزیر قانون، اٹارنی جنرل آف پاکستان اور مخلص اداروں کی ان تھک محنت سے یہ عظیم کامیابی نصیب ہوئی۔ ائیر مارشل ارشد ملک نے کہاکہ
پی آئی اے کے قیمتی اثاثے محفوظ ہو گئے ہیں، یہ پاکستانیوں کی بہت بڑی جیت ہے ، انشا للہ بے لوث قیادت کے تحت اس ہی جذبے اور مشترکہ کاوش سے کام جاری رہا تو اس ملک کو ترقی اور کامیابی سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی ۔قبل ازیں برٹش ورجن آئی لینڈ کی ہائیکورٹ نے پاکستان کے حق میں فیصلہ سنادیا۔ پاکستان نے عالمی مقدمہ بازی میں بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے اور برٹش ورجن آئی لینڈ کی ہائیکورٹ نے پاکستان کے حق میں فیصلہ سنایا ہے۔نجی ٹی وی جیو کے مطابق اٹارنی جنرل خالدجاوید کے مطابق ریکوڈک کیس میں پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے خلاف تمام فیصلے واپس ہوگئے، روز ویلٹ ہوٹل اور اسکرائب ہوٹل پیرس پاکستان کو واپس مل گئے۔ اٹارنی جنرل کا کہنا تھاکہ ٹی سی سی قانونی چارہ جوئی کے اخراجات بھی ادا کرے گی، ٹی سی سی کو اس آرڈر کے خلاف اپیل کی اجازت دی گئی ہے تاہم ہم اپیل کاسختی سے مقابلہ کریں گے۔ذرائع اٹارنی جنرل آفس کے مطابق پاکستان کو اخراجات کی مد میں 50 لاکھ ڈالر تک ادائیگی ہو سکتی ہے۔