سرگودھا(مانیٹرنگ +این این آئی) عدالت کے احاطے میں ٹک ٹاک پر ویڈیو بنانے پر مقدمے کا سامنا کرنے والی 2 بہنوں کی عبوری ضمانت منظور کر لی گئی۔ موقر انگریزی روزنامے کی رپورٹ کے مطابق رحیم یار خان میں سینئر سول جج کے دفتر میں ٹک ٹاک بنانے والی خواتین کے خلاف بیس مئی کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ گزشتہ روز ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج مبشر ندیم نے دونوں خواتین کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ان کی 29 مئی تک عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔واضح رہے کہ سول کورٹ رحیم یار خان میں خفیہ ویڈیو بنا کر اسے ٹک ٹاک وائرل کرنے پر
دونوں دوشیزاؤں کے خلاف عدالت کے حکم پر مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق سول کورٹ میں دائر تنسخ نکاح خلع وخرچہ نان نقتہ وحق المہر کے کیس حراء کنول بنام مقبول حسین کی سماعت کے دوران پیشی پر مدعیہ نے ساتھی لڑکی کے ہمراہ ویڈیو بنانے کی کوشش کی تو اہلکاروں نے روک دیا لیکن انہوں نے خفیہ طور پر ریکارڈنگ کر کے ٹک ٹاک ویڈیو بنا کر وائرل کر دی جس پر عدالت کے ریڈر محمد اشتیاق کی رپورٹ پر تھانہ سٹی اے ڈویژن نے دوشیزہ حراء اور ساتھی لڑکی کے خلاف زیر دفعہ 186/292 ت پ درج کر کے تفتیش شروع کر دی تھی۔