کراچی (این این آئی) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج XIنصیر نور خان کی ہدایت پر جوڈیشل مجسٹریٹ I- سائوتھ اسد لالہ کا کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) تھانے پر چھاپہ، ایس ایچ او راجا طارق 5 روز سے غیر قانونی حراست میں قید مغوی محمد اکبر کو بغیر نمبر موبائل میں لے کر سی ٹی ڈی سول لائن کے عقبی دروازے سے فرار
ہوگیا۔ مسماۃ افشاں کی جانب سے انٹرنیشنل لائرز فورم (آئی ایل ایف) کے چیئرمین ناصر احمد ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر آئینی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ 18 مئی کی درمیانی شب سول لائن تھانے کے ایس ایچ او راجا طارق، سرفراز احمد، محمد کفیل و دیگر سادہ و مسلح اہلکاروں نے زبردستی گھر میں گھس کر قیمتی اشیاء، بچی کا جہیز اور طلائی زیورات، موبائل فون و نقدی چھین لی تاہم مزاحمت پر اس کے شوہر محمد اکبر کو اپنے ساتھ اغواء کرکے لے گئے اور زبان بند رکھنے کی ہدایت کی۔ اے ڈی جے XI سائوتھ نصیر نور خان کی ہدایت پر جوڈیشل مجسٹریٹ ون سائوتھ اسد لالہ نے آئی ایل ایف کی ٹیم ممبران سید جعفر عباس جعفری ایڈووکیٹ، تحسین منظور راجپوت ایڈووکیٹ، جمشید علی خواجہ ایڈووکیٹ، سلمان فرحاد ایڈووکیٹ، سید زاہد علی ایڈووکیٹ، محمود خان ایڈووکیٹ اور سردار حبیب بلوچ ایڈووکیٹ و دیگر کے ہمراہ چھاپہ مارا جبکہ لاک اپ میں موجود مغوی محمد اکبر جس کے خلاف نہ کوئی روزنامچہ انٹری تھی اور نہ ہی وہ کیس میں ملوث و نامزد تھا کو ایس ایچ او راجا طارق، محمد سرفراز و دیگر افسران تین موبائلوں میں جس کے نمبر پلیٹ ہی نہیں تھے لے کر سی ٹی ڈی سول لائن کے عقبی دروازے سے فرار ہوگئے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے ایس ایچ او راجا طارق و دیگر مغرور ملزمان کو بہ روز پیر عدالت طلب کرلیا۔