لاہور( این این آئی)سی آئی اے کینٹ نے پاکستانی نژاد برطانوی شہری مائرہ ذوالفقار قتل کیس کے مرکزی ملزم سعد امیر بٹ کو گرفتار کرلیا ، سعد امیر بٹ نے اپنی عبوری ضمانت واپس لے لی تھی۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی شہری مائرہ قتل کیس میں
بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے اور پولیس نے قتل کیس کے مرکزی ملزم سعدامیربٹ کو گرفتار کرلیا ۔پولیس کے مطابق سعد امیر بٹ نے اپنی عبوری ضمانت واپس لے لی تھی جس کے بعد اس کو شامل تفتیش کرتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا جبکہ ظاہر جدون کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہے۔ذرائع کے مطابق مقتولہ کی قریبی دوست اقراء کو بھی تفتیش کے لئے حراست میں لیا گیا ہے ۔دوسری جانب ڈیفنس کے علاقے میں قتل کی جانے والی برطانوی نژاد پاکستانی لڑکی مائرہ کی نعش کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مقتولہ کو اس کی گردن پر دو گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا جبکہ مقتولہ کے ہاتھ پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے ہیں۔ مقتولہ کے دانت بھی ٹوٹے ہوئے پائے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ برطانوی نژاد مائرہ کے ڈیفنس کی ایک رہائش گاہ میں 3 مئی 2021ء کو قتل کیا گیا تھا۔