کراچی (این این آئی)کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 میں ہوئے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل جمعہ کو دوسرے روز بھی جاری رہا، دوسرے دن 85 پولنگ اسٹیشنز کی دوبارہ گنتی مکمل کر لی گئی ہے۔عام لوگ اتحاد پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ جونیجو کے امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کے علاوہ 3 آزاد امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس بھی ووٹوں کی دوبارہ گنتی
میں شریک ہیں۔گزشتہ روز 60 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کی گنتی مکمل کی گئی، گزشتہ روز 30 امیدواروں میں سے16 امیدوار دوبارہ گنتی کے عمل میں شریک ہوئے۔مسلم لیگ نون، پی ایس پی اور تحریکِ انصاف نے گنتی کے عمل کا بائیکاٹ کیا، ایم کیو ایم اور 2 آزاد امیدواروں نے بھی گنتی کے عمل کا بائیکاٹ کیا تھا۔سیاسی جماعتوں کے بائیکاٹ کے باوجود گنتی کا عمل بلا تعطل جاری رہا، پہلے دن 60 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مرحلہ مکمل کر لیا گیا۔الیکشن کمیشن حکام کے مطابق گزشتہ روز مجموعی طور پر 649 ووٹ مسترد کر دیئے گئے، پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل کے 134 ووٹ مسترد ہوئے۔مسلم لیگ نون کے مفتاح اسماعیل کے 194 ووٹ مسترد ، کالعدم تحریک کے 44 ووٹ، پی ایس پی کے مصطفی کمال کے 29 ووٹ مسترد ہوئے۔گزشتہ روز ایم کیو ایم کے حافظ مرسلین کے 108 ووٹوں کو مسترد قرار دیا گیا، جبکہ آزاد امیدوار احمد کے 140 ووٹ مسترد قرار دیئے گئے۔پی ٹی آئی کے امجد اقبال آفریدی کو 34 ووٹ اضافی مل گئے۔