نصیرآباد(نیوزڈیسک).عید خاص ہے تو اس کی تیاریاں بھی خاص طرح سے کی جاتی ہیں، عید کی خریداری کے موقع پر نصیر آباد میں بلوچی چپل کی دکانوں پر رش بڑھ گیا۔ مختلف ڈائزین کی بلوچی چپلیں عوام میں بے حد مقبول ہیں۔عید قریب آتے ہی بلوچی چپل کی مانگ میں اضافہ ہوجاتاہے، بلوچی چپل کے نت نئے ڈیزائن خریداروں کے لیے مشکل پیدا کردیتے ہیں کہ کون سی چپل خریدیں؟؟ بلوچی چپل خالصتا چمڑے سے تیارکی جاتی ہے اور مری کٹ بلوچی چپل کو زیادہ تر پسند کیا جاتا ہے۔ بلوچ ثقافت کو اجاگر کرتی چپل چاروں صوبوں میں بڑے شوق سے پہنی جاتی ہے۔ عید کے دنوں میں لوگ نہ صرف خود اسے پہنتے ہیں، بلکہ ملک کے دیگر حصوں میں آباد اپنے دوستوں اور عزیز و اقارب کو تحفے کے طور پر بھی بھجواتے ہیں۔ بلوچی چپل استعمال میں نہ صرف پائیدار بلکہ خوبصورت بھی ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ چپل نوجوانوں اور ہر عمر کے افراد میں مقبولیت حاصل کرتی جارہی ہے۔