اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے چینی مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ اتوار کو عوام سے براہ راست گفتگو میں وزیراعظم نے ایک بار پھر چینی مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چینی کی
قیمتیں مصنوعی طور پر بڑھائی جاتی ہیں، جس سے لوگوں کا خون چوسہ جاتاہے، مافیاز ذخیرہ اندوزی کرتے ہیں جس سے مہنگائی بڑھتی ہے، ملک میں چینی موجود ہوتی ہے مگر قیمتیں اوپر جانا شروع ہوجاتی ہیں، آپ کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہم ہر وقت اس پر کنٹرول کررہے ہیں۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انسان کو جتنی بہتر تعلیم دی جائے وہ اتنا اوپر جاتا ہے ۔ اتوار کو ٹیلیفون پر عوام سے براہ راست گفتگو میں تعلیم کے معیار کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ انسان کو جتنی بہتر تعلیم دی جائے وہ اتنا اوپر جاتا ہے۔وزیر اعظم نے کہاکہ عمارتیں بنانے سے تعلیمی اداروں کا قیام نہیں ہوتا، وہاں پڑھانے والے اچھے ہوں تو تعلیم کا معیار بہتر ہوتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اپنے نظرئیے کے مطابق ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا نیا سربراہ لا رہے ہیں اور اس ادارے میں بڑی تبدیلیاں کر رہے ہیں۔



















































