اسلام آباد ( این این آئی /آن لائن)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا ہے کہ انڈرٹرائل جج کو جواب دیا تو دکھ ہوا، توہین ہوگئی کے بھاشن آجائیں گے۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کے ایک جج کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک ہفتے سے سپریم کورٹ کے ایک انڈر ٹرائل جج کی
تقریریں سن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر جواب دیا تو دکھ ہوا سے توہین ہوگئی کے بھاشن آجائیں گے۔وفاقی وزیر نے سپریم کورٹ کے مذکورہ جج کو کہا کہ اگر آپ کو بھی اپنے ’گاڈ فادر‘ افتخار چوہدری کی طرح سیاست کا شوق ہے تو مستعفی ہوکر کونسلر کا الیکشن لڑیں آپ کو مقبولیت اور قبولیت دونوں کا اندازہ ہوجائے گا۔دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ مودی سرکار کو سمجھنا ہوگا دنیا میں انتہا پسندانہ رویے کی گنجائش نہیں ، آرمی چیف کی تقریر ملکی سلامتی کے عمومی خدوخال کی تشریح ہے، دنیا کو امن کے اس نظریے کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹو یٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار کو سمجھنا ہوگا دنیا میں انتہا پسندانہ رویے کی گنجائش نہیں، پر امن جنوبی ایشیا سب کے مفاد میں ہے، برصغیر کے لوگ عالمی معیشت کی تشکیل نو کرسکتے ہیں۔