اسلام آباد( آن لائن ) ملک بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 40 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ساڑھے 3 ہزار کے قریب مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔طبی ماہرین کے مطابق موجود کرونا صورتحال تشویشناک ہے اگر قوم نے احتیاط کا دامن چھوڑ دیا تو آئندہ آنے والے دنوں میں ہمیں تشویشناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ، یہ تعداد کئی ہزاروں کو پہنچ سکتی ہے ۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 845 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 96 لاکھ91 ہزار 087 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 3 ہزار 449 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 19 ہزار 259 ہوگئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ62 ہزار 503 ، پنجاب میں ایک لاکھ 93 ہزار 054، خیبر پختونخوا میں 77 ہزار 972، اسلام آباد میں 50 ہزار 096، بلوچستان میں 19 ہزار 290، آزاد کشمیر میں 11 ہزار 377 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 967 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد27ہزار 188 ہے۔ جب کہ 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 40 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 13 ہزار 757 ہوگئی ہے۔ این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 813 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 78 ہزار 314 ہوگئی ہے۔