اسلام آباد(آن لائن)پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے گرینڈ پیپلز الائنس بنانے کی تجویز دے دی، سینیٹ اور قومی اسمبلی کی رہی سہی توقیر بھی گزشتہ دنوں ختم ہوگئی، وکلا، عدلیہ اورمیڈیا کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، آج ضرورت ہے تمام جمہوری قوتیں گرینڈ پیپلز الائنس بنائیں۔ انہوں نے آج یہاں گفتگو کرتے
ہوئے کہا کہ ہم ایک فاشسٹ ریاست کی طرف تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔اب سینیٹ اور قومی اسمبلی کی رہی سہی توقیر بھی گزشتہ دنوں ختم ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم میڈیا کی آزادی میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کہا گیا کہ صحافیوں کی بہبود کا بل اپوزیشن نے پاس نہیں ہونے دیا، جبکہ اس بل میں پیمرا کو مزید طاقت دی گئی تھی کہ وہ میڈیا کا گلہ دبائے، ضیا دور میں بھی مزدور، طلبا یونین اور تھنکرز کو کرش کیا گیا تھا۔آج وکلا، عدلیہ اور میڈیا کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔مجھے یقین ہے آنے والے دنوں میں ہم سب اکھٹے ہوں گے۔ آج ضرورت ہے تمام جمہوری قوتیں گرینڈپیپلزالائنس بنائیں۔ پی ایف یوجے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صحافی حامد میر نے کہا کہ صحافت کے خلاف صوبائی حکومتیں بھی حربے استعمال کرتی ہیں۔ پبلک کیلئے نامعلوم لوگ ہوتے ہوں گے صحافیوں کو سب معلوم ہوتا ہے۔ میں اتفاق نہیں کرتا کہ آزادی صحافت کو نامعلوم افراد سے خطرہ ہے۔کل بھی سندھ میں ایک صحافی کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا۔ لوگ قومی مفاد کی جو مرضی تعریف کریں عوامی مفاد ہی قومی مفاد ہے۔ پاکستان کے آئین میں درج آرٹیکل 19میں بھی ترمیم کی ضرورت ہے۔ اس آرٹیکل میں درج ہیکہ دوست ملک پر بھی تنقید نہیں ہوسکتی۔ وائس چیئرمین پاکستان بارکونسل خوش دل خان نے کہا کہ پاکستان بھر کے وکلا آزادی صحافت کی جدوجہد میں صحافیوں کے ساتھ ہیں۔ پی ایف یوجے لانگ مارچ کرے تو وکلا ساتھ آئیں گے۔