کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی بیٹی عائشہ حلیم کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی میرے والد کو جیل میں قتل کروانا چاہتی تھی، والد کوکچھ بھی ہواتوذمہ دارپی پی اور سندھ حکومت ہوگی۔تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی بیٹی عائشہ حلیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پیپلزپارٹی میرے والد کو جیل میں قتل کروانا چاہتی تھی، والد صاحب زخموں کی
وجہ سےچل نہیں سکتے۔دوسری جانب سندھ اسمبلی میں قائدحزب اختلاف اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئررہنما حلیم عادل شیخ کے صاحبزادے احسن عادل نے الزام عائد کیا ہے کہ جیل میں پچاس کے قریب لوگوں نے میرے والد حلیم عادل شیخ پر حملہ کیا ہے۔حلیم عادل شیخ کے بیٹے نے جاری ویڈیو بیان میں کہا کہ میری اسپتال میں والد حلیم عادل شیخ سے ملاقات ہوئی، انہوں نے بتایا کہ ان کو چالیس سے پچاس لوگوں نے تشدد کا نشانہ بنایا۔احسن عادل نے کہا کہ اپنے ساتھیوں سے الگ کرکے حلیم عادل شیخ کو جیل میں منتقل کیا گیا تھا۔پیپلزپارٹی کے غنڈوں نے جئے بھٹو کے نعرے لگا کر جیل میں حملہ کیا۔ پیپلز پارٹی نے انتظامیہ سے مل کر ایک سازش کے تحت حملہ کروایا۔انہوں نے کہاکہ پولیس کے کچھ سپاہیوں نے حلیم عادل شیخ کو لوگوں سے بچا کر محفوظ مقام پر پہنچایا تھا۔ حلیم عادل شیخ این آئی سی وی ڈی میں زیر علاج ہیں۔ ان کے جسم کے مختلف حصوں پر زخم کے واضح نشانات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے بھی ایس آئی یو سینٹر میں قتل کرنے کی سازش کی گئی تھی۔ مراد علی شاہ یہ نہ بھولیں انہیں بھی اسی جیل میں آنا ہوگا۔ بہت جلد پیپلز پارٹی کو پتہ چل جائے گا کس پر ہاتھ ڈالا ہے۔ مراد علی شاہ کے ان ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔