لاہور (آن لائن) محکمہ خوراک پنجاب نے صوبے بھر میں گندم کی امدادی قیمت میں 150 روپے فی من اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے حوالے سے صوبائی وزیر خوراک کا کہنا ہے کہ گندم کی امدادی قیمت میں اضافے کا اعلان وزیراعظم عمران خان خود کریں گے۔
قیمت میں اضافے سے ایک طرف گندم کے کاشکاروں کو فائدہ پہنچے کا جبکہ دوسری طرف گندم مہنگی ہونے سے آٹے کی قیمت میں اضافے کا بھی امکان ہے۔ واضح رہے کہ گندم کی فی من قیمت میں 150 روپے اضافہ ہونے کی صورت میں گندم کی امدادی قیمت 1 ہزار 650 روپے سے بڑھ کر ایک ہزار 800 روپے ہوجائے گی۔ تاہم محکمہ خوراک کا کہنا ہے کہ گندم کی امدادی قیمت میں رواں مالی سال کے دوران اضافہ کرنے سے حکومت کوشش کرے گی کہ آٹے کی قیمت میں اضافہ نہ کیا جائے جبکہ دوسری طرف فلور ملز مالکان کا مطالبہ ہے کہ نہ صرف پنجاب بلکہ پورے ملک میں گندم کی قیمت ایک جیسی مقرر کی جائے۔