اسلام آباد(نیوز ڈیسک)کیا آپ جانتے ہیں کہ ہوائی جہاز کی دم میں موجود اس بڑے سے سوراخ کا کیا مقصد ہے؟ آئیے آپ کو بتائیں۔ یہ دراصل ہوائی جہاز کے ایک اضافی خفیہ انجن (Auxiliary power unit)کا حصہ ہوتا ہے۔ جہاز کا یہ انجن اسے اڑنے یا رن وے پر دوڑنے میں کوئی مدد فراہم نہیں کر سکتا۔ یہ صرف ایک جنریٹر کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔جب جہاز ایئرپورٹ پر کھڑا ہوتا ہے اور اس کے باقی انجن بند ہوتے ہیں تو یہ انجن جہاز کے اندر کاک پٹ، کافی میکر، کیبن لائٹس و دیگر استعمال کے لیے بجلی کی فراہمی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جہاز کی دم میں موجود اس سوراخ کو آپ اس انجن کا سائلنسر کہہ سکتے ہیں جس سے انجن سے نکلنے والی گیسیں خارج ہوتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جب ہوائی جہاز رن وے پر ہوتا ہے یا پھر فضا میں اڑ رہا ہوتا ہے تو یہ سوراخ جہاز کے ایئرکنڈیشن سسٹم کو باہر سے ہوا فراہم کرنے کا کام بھی دیتا ہے، کیونکہ اس وقت جہاز کا یہ اضافی انجن بند ہوتا ہے اور اس سے گیسیں خارج نہیں ہو رہی ہوتیں۔ دوسری طرف جہاز کا یہ اضافی انجن بند کھڑے جہاز کو بجلی فراہم کرنے کے ساتھ اس کے دیگر انجنوں کو سٹارٹ کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔ جب دوسرے انجن سٹارٹ ہو جاتے ہیں تو یہ خود بخود بند ہو جاتا ہے اور پھر تب سٹارٹ ہوتا ہے جب جہاز دوبارہ ایئرپورٹ پر آ کر کھڑا ہوتا ہے اور پائلٹ اس کے انجن سوئچ آف کردیتا ہے۔