کراچی (این این آئی)ماڈل و اداکارہ صدف کنول نے کہا ہے کہ وہ ماڈلنگ کرتے کرتے تھک گئی ہیں اور اب وہ اداکاری کرنا چاہتی ہیں۔ناشپتی پرائم کے یوٹیوب شو ’بائے دی وے‘ میں بات کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں صدف کنول نے انکشاف کیا کہ میڈیا انڈسٹری سے وابستہ لڑکیاں سگریٹ نوشی کرتی ہیں، باقی نشوں کا انہیں علم
نہیں۔انہوں نے بات کو جاری رکھتے ہوئے اعتراف کیا کہ وہ خود بھی سگریٹ نوشی کرتی رہی ہیں تاہم 7 ماہ سے انہوں نے سگریٹ پینا ترک کردیا ہے۔صدف کنول نے اسی موضوع کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ میڈیا کے علاوہ عام گھریلو لڑکیاں بھی سگریٹ نوشی کرتی ہیں، یہاں تک کہ جو لوگ سگریٹ نوشی کے خلاف بات کرتے ہیں خود ان کے گھروں کی لڑکیاں بھی سگریٹ پیتی ہیں۔ماڈل و اداکارہ کے مطابق انہوں نے عام ہوٹل پر جاتے وقت دوپٹے میں ملبوس لڑکیوں کو سگریٹ پیتے دیکھا ہے۔ایک سوال کے جواب میں صدف کنول نے بتایا کہ ان کی زندگی میں بہت سارے لڑکے آئے تاہم انہیں لڑکوں کو سمجھانا اور خود سے دور رکھنے کا فن آتا ہے۔صدف کنول کا کہنا تھا کہ انہیں کسی کی دھلائی کرنے کے لیے ہاتھ چلانے کی ضرورت نہیں پڑتی، وہ منہ سے ہی دھلائی کردیتی ہیں۔انٹرویو کے دوران صدف کنول نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی پر بھی بات کی اور کہا کہ وہ ماڈلنگ کرتے کرتے تھک گئی ہیں، اب وہ اداکاری کرنا چاہتی ہیں اور بہترین ماڈل کے ایوارڈ کی طرح بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کرنا ان کا خواب ہے۔ان کے مطابق کسی بھی شخص کو بڑی اسکرین پر تب آنا چاہیے جب اسے کام کے لیے کوئی اچھا ڈائریکٹر ملے اور ساتھ ہی اسے اداکاری بھی آتی ہو، کیوں کہ ہر چہرہ بڑی اسکرین کے لیے نہیں ہوتا۔صدف کنول نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ جیسے سجل علی کا چہرہ فلموں کے لیے نہیں بلکہ ڈراموں کے لیے موزوں ہے، کیوں کہ اگر وہ فلموں میں کام کریں گی تو بچی لگیں گی۔