اسلام آباد(آن لائن) آ ئل اینڈ گیس ریگولیٹر اتھارٹی (اوگرا) نے یکم فروری 2021 سے گھروں میں استعمال ہونے والی گیس ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یکم جنوری سے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 10 روپے 38 پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔اوگرا کے
مطابق ایل پی جی کی فی کلو نئی قیمت 157 روپے 89 پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ اوگرا کے مطابق ایل پی جی کا 11 اعشاریہ 8 کلوگرام کا گھریلو سلنڈر 122 روپے 46 پیسے مہنگا کردیا گیا۔ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 1863 روپے 14 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق فروری 2021 کیلئے ہوگا۔خیال رہے کہ جنوری میں ایل پی جی کی قیمت 147 روپے 51 پیسے فی کلو تھی۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیاہے،وزیرِ اعظم عمران خان نے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی تھی۔وزیر اعظم آفس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2روپے 70پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2روپے 88پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔وزیرِ اعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیلئے اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی مجوزہ سفارشات کے برعکس عوامی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے پیٹرلیم مصنوعات کی قیمتوں میں کم سے کم اضافے کی منظوری دی۔وزیر اعظم کو بھیجی جانے والی سمری میں پیٹرول کی قیمت میں 13.18روپے فی
لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 12.12 روپے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 11.10 روپے فی لیٹر اور لائیٹ ڈیزل کی قیمت میں 6.62 روپے فی لیٹر اضافہ تجویر کیا گیا جبکہ وزیرِ اعظم نے عوامی مفاد کے پیشِ نظر پیٹرول کی قیمت میں صرف 2.70 روپے فی لیٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل میں 2.88 روپے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں 3.54 روپے فی لیٹر اور لائیٹ ڈیزل کی قیمت میں 3.00 روپے فی لیٹر کا اضافہ کرنے کی اجازت دی۔پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو گیا ہے۔