سرینگر (نیوزڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنما سیدعلی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم نے ہندو انتہا پسند تنظیموں راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ اور ویشوا ہندو پریشد کی طرف سے جموں خطے کے تعلیمی اداروں میں ہند و طلبا کو ہتھیار چلانے کی تربیت دینے کی اطلاعات پرسخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میںکہا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی اتحادی حکومت کے قیام کے بعد ہندو فرقہ پرست جماعتوں نے جموں خطے میں مسلمانوں کے خلاف اپنی معاندانہ سرگرمیاں تیز کر لی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہندو فرقہ پرست جماعتیں جموں خطے میں 1947جیسی صورت حال پیدا کرنا چاہتی ہیںجس میں انہیں کٹھ پتلی انتظامیہ کی مکمل حمایت حاصل ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ جموں خطے کے تعلیمی ادارے بھی فرقہ پرست ہندوﺅں کی مذموم کارروائیوں سے محفوظ نہیں۔ انہوںنے خبر دار کیا کہ اگر مسلمانوں کے ساتھ بہیمانہ برتاﺅ کا سلسلہ بند نہ کیا تو مقبوضہ وادی کے مسلمانوں اپنے بھائیوں کے تحفظ کے لیے سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور ہونگے۔