اسلام آباد(اے پی پی)محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہے گا۔ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ
24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، شمال مشرقی پنجاب، خطۂ پوٹھوہار کے بعض علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارش ہوئی۔پنجاب کے وسطی اور جنوبی میدانی علاقوں میں دھند چھائی رہی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا ہے،دوسری جانب شدید دھند کے باعث موٹر وے ایم تھری کو لاہور سے عبد الحکیم اور سمندری تک عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے۔پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا سلسہ جاری ہے جس کے باعث موٹر وے کو مختلف مقامات پر ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث لاہور سیالکوٹ اور خانیوال سے ملتان موٹروے بھی بند کر دی ۔ قومی شاہراہ پر مانگا منڈی، دینہ ناتھ، پھول نگر، جمبر، پتوکی اور حبیب آ باد میں بھی دھند چھائی ہوئی ہے، ان علاقوں میں حد نگاہ 100میٹررہ گئی ہے۔ترجمان موٹروے کا کہنا ہے کہ ڈرائیور گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کر یں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔
ترجمان موٹروے نے ڈرائیور حضرات کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے دوران شہری غیر ضر وری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال کریں گاڑیوں کے درمیان فاصلہ رکھیں اور مشکل صورت حال میں مزید معلومات کے لئے موٹر وے کی ہیلپ لائن 130 اور پٹرولنگ پولیس کی ہیلپ لائن 1134پر رابطہ کریں۔