اسلام آباد(یوا ین پی)رواں مالی سال جولائی سے دسمبر کے 6 ماہ کے دوران پاکستان میں 46 ارب کی چائے درآمد کی گئی۔ادارہ شماریات کے مطابق اسی عرصے کے دوران پاکستان نے ایک کھرب 53 ارب روپے کے موبائل فون بھی درآمد کیے۔اس کے علاوہ ان 6 ماہ میں ایک کھرب 6 ارب روپے کی گندم، 47 ارب کی دالیں،46 ارب کی چائے اور تقریباً 8 کروڑ روپیکا ڈرائی فروٹ درآمد کیا گیا۔
دوسری جانب ملک میں تجارت کے شعبے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں رواں مالی سال کے دوران کمی ریکارڈکی گئی ہے۔اسٹیٹ بینک اورسرمایہ کاری بورڈ کے دستیاب اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکرنومبر 2020 تک کی مدت میں ملک میں تجارت کے شعبے میں 4.3 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں تجارت کے شعبے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 10.2 ملین ڈالر ریکارڈکیا گیا تھا۔ نومبر 2020 میں ملک میں تجارت کے شعبے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 3.2 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ مالی سال 2019ـ20 میں ملک میں تجارت کے شعبے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 32.7 ملین ڈالر جبکہ مالی سال 2018ـ19 میں 76.3 ملین ڈالررہاتھا۔