اسلام آباد(اے این این)روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔یہ بات پاکستانی وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ پالیسی و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے قومی اسمبلی کے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی ۔انہوں نے کہاکہ ولادیمیرپیوٹن کے دورہ پاکستان کی تاریخ طے نہیں کی گئی کیونکہ اس کا فیصلہ روسی صدر اور نوازشریف کریں گے ۔اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں سرتاج عزیز نے کہاکہ پاکستان اور روس دفاعی اور تجارتی میدان میں پہلے ہی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھارہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہاکہ روسی صدر کا دورہ اس ضمن میں ایک مثبت پیشرفت ہوگی ۔یاد رہے کہ اس سے قبل آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی گزشتہ ماہ روس کا دورہ کرچکے ہیں جس سے پاک روس تعلقات کے لیے نئی راہیں ہموار ہوئی ہیں ۔