پشاور(این این آئی+ مانیٹرنگ)حکومت خیبر پختونخوا کے ترقیاتی ورکنگ پارٹی (PDWP) کا ایک خصوصی اجلاس پیر کے روز ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ ترقی و منصوبہ سازی شکیل قادر خان کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا۔
اجلاس میں پی ڈی ڈبلیو پی کے اراکین اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میںصوبے کی ترقی کیلئے سڑکوں اور زراعت کے شعبوں میں دو منصوبوں پر غوروخوض کیا گیا۔ پی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں 276,688.104 ملین روپے مالت کے دو منصوبوں کی منظوری دیدی ہے۔ سڑکوں کے شعبے میں پشاور ڈی آئی خان موٹروے کی ڈیزائن اور تعمیر کی منظوری جبکہ زراعت کے شعبے میں سوات میں زرعی یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔ ملک کی تیسری طویل ترین موٹر وے کی منظوری دے دی گئی، یہ موٹر وے 360 کلومیٹر طویل ہو گی اور اس پر 270 ارب روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے، اس موٹر وے کا آغاز پشاور میں چمکنی سے ہو گا اور یہ ڈی آئی خان تک جائے گی۔