کراچی(این این آئی)مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت300روپے کی کمی سے ایک لاکھ10ہزار500روپے ہوگئی۔گزشتہ روز سوموار کو عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 16ڈالر کی کمی سے 1824ڈالر ہوگئی جس کے زیر اثرمقامی سطح پر سونے کی قیمت1لاکھ10ہزار500روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 94ہزار736روپے ہوگئی
جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت20روپے کی کمی سے 1200روپے ہوگئی۔دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کوکاروبار حصص میں زبردست تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا جس کے باعث کے ایس ای100انڈیکس43ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرتے ہوئے795.82 پوائنٹس کے اضافے سے 43266.22پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیااور77.48فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیاجس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ ایک کھرب 26ارب33کروڑ روپے سے زائد بڑھ گیا جب کہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت 12.89فیصدزائد رہا۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز ٹریڈنگ کے آغازسے ہی سرمایہ کار وں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری میں گرمجوشی دیکھنے میں آئی جس کی وجہ تیز ی رہی۔دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100 انڈیکس43ہزار کی نفسیاتی حد کو بحال کرنے میں کامیاب ہوگیا اور انڈیکس 43321پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔